ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی لیڈر نے کہا ”جناح ملک کے پہلےوزیر اعظم بنتے تو ملک تقسیم ہی نہ ہوتا“

بی جے پی لیڈر نے کہا ”جناح ملک کے پہلےوزیر اعظم بنتے تو ملک تقسیم ہی نہ ہوتا“

Thu, 04 Nov 2021 10:31:10    S.O. News Service

نئی دہلی،4؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)پاکستان کے بانی محمد علی جناح کا موازنہ مہاتما گاندھی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل سے کرنے پر تنقید کا سامنا کررہے سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کے بعد اب بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ اگر محمد علی جناح کو ملک کا پہلا وزیر اعظم بنایا جا تا تو بھارت تقسیم سے بچ سکتا تھا۔

دی وائر کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے قومی ایگزیکٹیو ممبر اورآر ایس ایس کے ترجمان آرگنائزر پتریکا کے سابق ایڈیٹر شیشا دری چاری نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے لیڈروں نے اس بارے میں نہیں سوچا۔ اگر ہمارے لیڈروں نے تب اس بارے میں سوچا ہوتا اور انہیں وزیر اعظم کے عہدے کی پیشکش کی ہوتی تو کم سے کم ملک تقسیم نہ ہوتا،حالانکہ یہ الگ مسئلہ ہے کہ ان کے بعد وزیر اعظم کون بنتا، لیکن اس وقت تقسیم نہ ہوتا۔

بی جے پی کے ایک اعلیٰ لیڈرکے ذریعہ اس طرح کا بیان دینا ایسے وقت میں کافی اہمیت کاحامل ہے جب  اکھلیش یادو کے بیان کو لے کر  مختلف لیڈروں بالخصوص بی جے پی لیڈروں نے سخت تنقید کی تھی، جن میں اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی شامل ہیں۔اترپردیش کے ہردوئی میں 31 /اکتوبر کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 146 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ایک پروگرام سے  خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا تھا کہ سردار پٹیل، بابائے قوم مہاتما گاندھی،جواہر لال نہرو اورجناح نے ایک ہی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کی تھی اور بیرسٹر بنے تھے۔انہوں نے بھارت کو آزادی دلانے میں مدد کی تھی  اور کبھی کسی جد وجہد سے پیچھے نہیں ہٹے تھے۔ان کے اس بیان کی بی جے پی نے سخت تنقید کی اور ان کے بیان کو شرمناک بتاتے ہوئے پارٹی کے لیڈروں نے ان سے معافی کی مانگ کی تھی۔


Share: